نئی دہلی،27/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) گھوٹالے کے اہم ملزم اور مفرور نیرو مودی پر ایجنسیوں نے بڑا شکنجہ کسا ہے۔جانچ ایجنسیوں نے اس معاملے میں نیرو مودی اور ان کی بہن پروی مودی سے منسلک چار بینک اکاؤنٹس کو سوئٹزر لینڈ میں سیز کیا ہے۔نیرو اور پروی کے ان اکاؤنٹس میں قریب 283.16 کروڑ روپے جمع تھے۔بتا دیں کہ نیرو مودی پر پنجاب نیشنل بینک کے قریب 13 ہزار کروڑ روپے کا چونا لگانے کا الزام ہے۔اس مسئلے پر سوئس بینک کی جانب سے ایک پریس ریلیز بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے مطالبے پر انہوں نے نیرو اور پروی مودی کے چار اکاؤنٹ بند کردئے ہیں۔اس معاملے میں یہ ہوئی مسلسل دوسری بڑی کامیابی ہے۔اس سے پہلے بدھ کو ہی یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس گھوٹالے کے دوسرے ملزم میہل چوکسی کا اب ہندوستان حوالگی کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ایٹگا کے وزیر اعظم نے بیان دیا تھا کہ ہم میہل چوکسی کی شہریت منسوخ کر رہے ہیں، اب اس کے پاس کوئی قانونی راستہ نہیں بچتا ہے۔